پاسپورٹ دفاتر کے اوقات تبدیل

اسلام آباد (بیوروچیف) ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے عوام کو بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے پاسپورٹ دفاتر کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کر دی ہے۔ نئے فیصلے کے تحت ملک بھر میں پاسپورٹ آفسز اب ہفتے میں پانچ دن کھلے رہیں گے۔ اس سے قبل جاری کیے گئے ایک عوامی نوٹس میں بتایا گیا تھا کہ پاسپورٹ دفاتر صرف چار دن کام کریں گے، تاہم تازہ ہدایات کے مطابق تمام فیلڈ فارمیشنز اور دفاتر معمول کے مطابق پیر سے جمعہ تک کام کریں گے۔یاد رہے کہ مشرقِ وسطی کی کشیدہ صورتحال کے باعث وزیراعظم کی جانب سے کفایت شعاری مہم کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کے تحت ممکنہ توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے سرکاری اداروں میں ہفتے میں چار دن کام کرنے جبکہ پچاس فیصد ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین ایف بی آر کی منظوری سے ایڈیشنل آڈٹ اینڈ کنزرویشن کمیٹی تشکیل دی گئی تھی تاکہ ادارے میں کفایت شعاری اور توانائی بچت پالیسی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے جبکہ کمیٹی کے ارکان میں چیف ایڈمن، چیف ان لینڈ ریونیو آپریشنز، اور چیف کسٹمز آپریشنز شامل تھے۔کمیٹی کیجانب سے ایف بی آر کے تمام ونگز اور فیلڈ دفاتر کے لیے متعدد ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ ایف بی آر نے اپنے فیلڈ دفاتر اور ہیڈکوارٹرز میں سرکاری گاڑیوں کی تعداد 60فیصد تک محدود کرنے کی ہدایت جاری کی ، جبکہ غیر آپریشنل ڈائریکٹوریٹس میں بھی یہی ضابطہ لاگو ہوگا۔کمیٹی نے فیول اخراجات میں 50فیصد کمی کے فیصلے پر عمل درآمد کروانے کا ٹاسک سونپا تھا جبکہ گریڈ 20اور اس سے اوپر کے افسران سے دو دن کی تنخواہ رضاکارانہ طور پر چھوڑنے کی اپیل کی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں