ٹانگوں کے مسائل شوگرکی علامات

لاہور (بیوروچیف) ذیابیطس (شوگر) محض خون میں شکر کی زیادتی کا نام نہیں ہے، بلکہ یہ خاموش قاتل جسم کے مختلف حصوں، بالخصوص پیروں کے ذریعے خطرے کی گھنٹی بجاتا ہے۔ اکثر لوگ پیروں میں ہونے والی تبدیلیوں کو تھکن یا بڑھتی عمر کا اثر سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں، جو کہ مستقبل میں سنگین پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا ہے۔ اس لیے ان پر دھیان دینا ضروری ہے۔ذیل میں پیروں میں ظاہر ہونے والی وہ 7 علامات درج ہیں جو ذیابیطس کی جانب اشارہ کرتی ہیں۔اگر آپ کو اپنے پیروں میں مستقل جھنجھناہٹ یا سوئیاں چبھنے جیسا احساس ہوتا ہے، تو اسے معمولی نہ سمجھیں۔ طبی زبان میں اسے پیریفرل نیوروپیتھی کہا جاتا ہے۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ ہائی بلڈ شوگر آپ کے پیروں کی نسوں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ گھٹنے کے نچلے حصے یعنی پنڈلیوں میں جلن محسوس ہونا، خاص طور پر رات کے وقت، ذیابیطس کی ایک اہم علامت ہے۔ اکثر لوگ اسے زیادہ چلنے یا تھکن سے جوڑ دیتے ہیں، لیکن ذیابیطس کی وجہ سے اعصاب صحیح کام نہ کرنے کی وجہ سے بھی یہ مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔شاید یہ سن کر آپ کو حیرت ہو، لیکن پیروں کے بالوں کا تیزی سے گرنا یا غائب ہونا خراب دورانِ خون کی علامت ہے۔ جب ذیابیطس کی وجہ سے خون کی گردش متاثر ہوتی ہے تو بالوں کی جڑوں تک آکسیجن اور غذائیت نہیں پہنچ پاتی، جس سے بال گرنے لگتے ہیں۔رات کو سوتے وقت اچانک پیر میں درد ہونا ذیابیطس کی علامت ہو سکتا ہے۔ یہ اکثر خراب خون کے بہا اور اعصاب میں مسئلے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ جب پٹھوں کو ضرورت کے مطابق خون نہیں ملتا، تو وہ درد کی صورت میں ردِعمل ظاہر کرتے ہیں۔ جبکہ لوگ اسے پانی یا منرلز کی کمی سمجھ لیتے ہیں۔کچھ لوگوں کے ٹخنوں اور پینڈلوں کی جلد کا رنگ بدل جاتا ہے، زیادہ گہرا یا دھبوں والا ہو جاتا ہے۔ اکثر لوگ اسے گندگی یا سورج کی روشنی کی وجہ سے سمجھتے ہیں، لیکن یہ ذیابیطس کی علامت ہوسکتی ہے کیونکہ زیادہ شوگر خون کی چھوٹی شریانوں کو متاثر کرتا ہے، جس کا اثر جلد کی رنگت پر واضح نظر آتا ہے۔اگر آپ کے پیروں کی جلد ضرورت سے زیادہ ٹائٹ، کھنچی ہوئی اور چمک دار نظر آنے لگے تو یہ جسم میں رطوبت کے رکنے کی علامت ہے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ پیروں میں خون کا بہا درست نہیں ہے اور وہاں سوزش ہو رہی ہے۔کبھی کبھی پیر بہت زیادہ ٹھنڈے یا گرم ہو جاتے ہیں۔ یہ خون کی نالیوں کے متاثر ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے جو ذیابیطس کے مریضوں میں ایک عام شکایت ہے۔اگر آپ میں یہ علامات ظاہر ہوں تو فورا ڈاکٹر سے رابطہ کریں اور ذیابیطس کے لیولز کا ٹیسٹ کروائیں۔ پیر کے مسائل کو نظرانداز کرنا مستقبل میں بڑی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں