پٹرول،ڈیزل پر لیوی برقرار،مٹی کے تیل کی قیمت میں بڑا اضافہ

اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے مٹی کا تیل 39روپے 20پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 358روپے ایک پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 105روپے 37پیسے اور ڈیزل پر 55روپے 24پیسے فی لیٹر لیوی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھ کر 23ارب روپے کی سبسڈی ادا کرے گی، 23ارب روپے کی سبسڈی 14مارچ سے 20مارچ تک کیلئے ادا کی جائے گی، پٹرول پر فی لیٹر 49روپے 63پیسے جبکہ ڈیزل پر فی لیٹر 75روپے 5پیسے سبسڈی ادا کی جائے گی۔وزارت توانائی کاکہنا ہے کہ یہ رقم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پرائس ڈیفرنشیل کلیمز کی مد میں ادا کی جائیگی، 23ارب روپے کے پرائس ڈیفرینشل کلیمز اوگرا کی طرف سے ادا کیے جائیں گے۔ وزارت توانائی نے بتایا کہ کابینہ سے وزیراعظم کفایت شعاری فنڈ قائم کرنے کی منظوری حاصل کر لی، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 27ارب 10کروڑ روپے اس فنڈ میں منتقل کرنے کی منظوری دی، پرائس ڈیفرینشل کی ادائیگی کے طریقہ کار میں او ایم سیز سے موصول ہونے والے بلوں کی تصدیق اور آڈٹ کا عمل بھی شامل ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں