کمشنر کا گوجرہ میں گزلز ہاکی لیگ کرانے کا اعلان

گوجرہ(نامہ نگار) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ایک روز میں دو اضلاع اور ایک تحصیل کا ہنگامی دورہ کیا۔وہ ضلع چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ مکمل کرکے تحصیل گوجرہ پہنچے اور جناح پارک کی تزئین وآرائش کا افتتاح کیا۔انہوں نے پارک میں دستیاب تفریحی سہولیات کا جائزہ لیا۔پارک کے داخلی مقامات پر دیدہ زیب وال پینٹنگ دیکھی۔کینٹین کی موجودگی کو سراہا۔پارک میں واکنگ ٹریک پر دلکش ٹائلز کے کام پر خوشی کا اظہار کیا۔کمشنر نے میڈیا کو بتایا کہ پارک کو عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے اور پارک کو مزید جاذب نظربھی بنایا جائے گا۔کمشنر فیصل آباد نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گوجرہ کے مین گیٹ سے ہسپتال تک روڈ کی مرمت وبحالی کے کام کا بھی افتتاح کیا جسے مخیر شخصیت کے تعاون سے مکمل کرایا گیا ہے۔یاد رہے کہ ایک ماہ قبل کمشنر نے ہسپتال کے دورہ کے موقع پر اندرونی روڈ کی خستہ حالی پر اسسٹنٹ کمشنر کو روڈ کی مرمت وبحالی کا ٹاسک تفویض کیا تھا جسے مکمل کرادیا گیا۔کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ اور علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا۔کمشنر فیصل آباد نے ہاکی سٹیڈیم گوجرہ کا دورہ کیا اور ہاکی کی گرلز کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔انہوں نے گرلز کھلاڑیوں کی درخواست پر گرلز ہاکی لیگ کرانے کا اعلان کیا جس کے لئے ڈویژنل اورتحصیل انتظامیہ فنڈز فراہم کرے گی۔کمشنر نے ہاکی سٹیڈیم گوجرہ سے ملحقہ دکانوں کی تعمیر ومرمت کے جاری کاموں کا بھی معائنہ کیا۔کمشنر فیصل آباد نے تحصیل گوجرہ شہر کے وسط میں بیوٹیفکیشن اور ہارٹیکلچر کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔رانڈ اباٹ میں خوبصورتی کے اقدامات،گرین بیلٹس کی سجاوٹ،کلچرل وال کی تیاری کے مراحل دیکھے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی تفریح کے لئے خوبصورتی کو مزید اجاگر کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ،اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض اور دیگر افسران ہمراہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں