حج پروازوں کے شیڈول کی معطلی کی خبریں بے بنیاد قرار

اسلام آباد (بیوروچیف) وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے مشرقِ وسطی کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے باعث حج پروازوں کے شیڈول کی معطلی سے متعلق بعض اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں اور حج 2026 کے تمام انتظامات طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔ وزارت کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بعض ذرائع ابلاغ میں مشرقِ وسطی کی کشیدگی کے تناظر میں حج پروازوں کے التوا یا شیڈول کی معطلی سے متعلق خبریں شائع کی گئی ہیں، تاہم ایسی اطلاعات بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہیں۔ ترجمان کے مطابق وزارت کی جانب سے حج انتظامات معمول کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں ترجمان نے بتایا کہ اس وقت عازمین حج کے ویزوں کے اجرا اور دیگر ضروری انتظامات کا عمل پوری تندہی کے ساتھ جاری ہے۔ وزارتِ مذہبی امور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے کہ عازمین کی روانگی سے متعلق تمام مراحل بروقت مکمل ہو سکیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ حج پروازوں کے شیڈول کا باضابطہ اعلان عید الفطر کے بعدکیا جائے گا۔ اس موقع پر عازمین کرام کو ان کی حج پروازوں، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش، مکاتب اور دیگر انتظامات سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کر دی جائیں گی تاکہ وہ اپنی روانگی کی تیاری اطمینان کے ساتھ کر سکیں۔وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں اور حج سے متعلق معلومات کے لیے صرف وزارتِ مذہبی امور کے جاری کردہ سرکاری اعلانات اور مستند ذرائع پر ہی اعتماد کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے حج 2026 کے تمام انتظامات بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں