عمرہ ویزوں اور زائرین کی روانگی کی آخری تاریخ کا اعلان

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ ویزوں اور زائرین کی روانگی کی آخری تاریخ کا اعلان کر دیا۔سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ ویزے جاری کرنے کا آخری دن شوال کا پہلا دن ہوگا جبکہ زائرین کیلئے 15شوال سے پہلے مملکت میں داخل ہونا ضروری ہے، عمرہ زائرین کو ذوالقعدہ کی پہلی تاریخ تک ملک چھوڑنا ہوگا۔یہ اعلان سعودی عمرہ کمپنیوں کے ساتھ وزارت کی 17ویں متواتر ورچوئل میٹنگ کے دوران کیا گیا جہاں حکام نے عمرہ اور حج دونوں سیزن کے حوالے سے ضوابط کی تعمیل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اجلاس میں وزارت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حج کا سفر درست حج ویزہ کے ساتھ کیا جانا چاہیے جو عمرہ ویزا کے ذریعے نہیں کیا جا سکتا۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ بین الاقوامی صورتحال کے باوجود حج 2026کے انتظامات شیڈول کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں،عازمینِ حج کے ویزوں کا اجرا تیزی سے جاری ہے، جبکہ حج پروازوں کا شیڈول عید الفطر کے بعد جاری کیا جائے گا۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین کی رہائش اور دیگر ضروری سہولیات کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ترجمان نے عازمینِ حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج سے متعلق کسی بھی مستند معلومات کے لیے پاک حج ایپیا وزارت کی ویب سائٹ سے رجوع کریں۔وفاقی کابینہ نے اس سال حج کوٹے کی تقسیم میں بھی اہم تبدیلیاں متعارف کرائی ہیں، حج پالیسی 2026 کے تحت سرکاری حج سکیم کوٹہ بڑھا کر 70فیصد کر دیا گیا ہے، جبکہ نجی حج ٹور آپریٹرز کے لیے 30فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے جبکہ سال 2025 میں پاکستان کا مجموعی حج کوٹہ 179,210 تھا، جسے سرکاری اور نجی شعبوں میں برابر تقسیم کیا گیا تھا۔گزشتہ برس بدانتظامی کے باعث 67 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کرنے سے محروم رہے تھے، نئی پالیسی کا مقصد سرکاری اسکیم کے تحت عازمین کے لیے شفافیت، بہتر نگرانی اور آسان رسائی کو یقینی بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں