مختلف حادثات اور واقعات میں4خواتین سمیت14افراد جاں بحق

فیصل آباد /جڑانوالہ (سٹاف رپورٹر /نامہ نگار) مختلف واقعات وحادثات میں 4خواتین سمیت 14افراد ہلاک ہو گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ تفصیل کے مطابق تھانہ غلام محمد آباد کے علاقہ سبحان اﷲ چوک میں گھریلو ناچاقی پر شوہر اسلم نے چھریوں کے وار کر کے اہلیہ سمیرا بی بی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، کھرڑیانوالہ کے علاقہ 73 رب میں نشہ نہ دینے پر ناخلف بیٹے راشد ولد فضل نے کلہاڑی کے وار کر کے اپنی والدہ کنیز بی بی کو بری طرح زخمی کر دیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئی، ڈجکوٹ کے علاقہ سیم نہر سے نامعلوم 25سالہ خاتون کی ہاتھ پائوں بندھی نعش برآمد’ جسے بھی نامعلوم افراد نے بے دردی سے قتل کرنے کے بعد نعش نہربرد کر دی۔ کھرڑیانوالہ کے علاقہ 266 رب کے رہائشی نعیم ولد رشید کومعمولی تلخ کلامی پر مخالف نے سر میں لوہے کے راڈ مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا، تھانہ بچیانہ کے علاقہ 562 گ ب کا رہائشی 19سالہ غلام فرید 8 روز سے گھر لاپتہ تھا، اہل خانہ تلاش کرتے رہے لیکن کوئی سراغ نہ ملا تو گزشتہ روز اسکی کھیتوں سے مسخ شدہ نعش ملنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا جسے نامعلوم افراد نے بری طرح تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار کر نعش کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ چک جھمرہ کے علاقہ 141 ر ب میں پرانی دشمنی کی بناء پر دو افراد ریاض ولد احمد علی اور یٰسین ولد نور کو مخالفین نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تاندلیانوالہ کے علاقہ 402 گ ب دربار بابا ستار شاہ کے قریب رقم کے لین دین کے تنازعہ پر مشتعل ملزمان اکبر وغیرہ نے ڈنڈوں اور سوٹوں کے وار کر کے مخالف عیش بہادر شاہ کو ابدی نیند سلا دیا، چک جھمرہ کے علاقہ 187 رب کے قریب حالات کی ستائی ادھیڑ عمر خاتون خیراں بی بی نے نہر میں چھلانگ لگا دی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر نہر میں ڈوبنے والی خاتون کی تلاش شروع کر دی۔ تھانہ غلام محمد آباد کے علاقہ مدینہ آباد گلی نمبر12 کے رہائشی بلال ولد یٰسین نے گھریلو حالات سے دل برداشتہ ہو کر گلے میں پھندا ڈال کر زندگی کا خاتمہ کر لیا جبکہ جھمرہ روڈ پر پارکو آئل ڈپو کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر کی زد میں آ کر موٹرسائیکل سوار 40سالہ مہندی حسن ولد شاہ محمد سکنہ 191 رب لقمہ اجل بن گیا۔ جڑانوالہ روڈ پر مکوآنہ بائی پاس کے قریب تیز رفتار کار نے سڑک عبور کرتے ہوئے 7سالہ بچے علی رضا ولد ناصر کو کچل دیا، حادثہ کا مرتکب ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔ بلوچنی کے علاقہ ستارہ کیمیکلز کے قریب تیز رفتار ٹرک اور ہارویسٹر میں تصادم کے دوران ڈرائیور عصمت اﷲ سکنہ ڈیرہ اسماعیل خان جاں بحق ہو گیا جبکہ ہیلپر جواد خان اور ہارویسٹر میں سوار دو افراد واحد اور فیصل سکنہ نوشہرہ ورکاں بری طرح زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ہارویسٹر سوار نوشیرہ ورکاں سے بہاولپور جا رہے تھے۔ تھانہ ستیانہ کے علاقہ 38 گ ب کے قریب تیز رفتار کار کی موٹرسائیکل کو ٹکرانے سے 3نوجوان بری طرح زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں پر علی حسن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ علی حیدر اور علی حسنین کی حالت تشویشناک حالت بتائی جاتی ہے۔ تاہم پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے قاتلوں اور حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں