سعودی تیل بردار جہاز پاکستان کی طرف روانہ

کراچی (بیوروچیف) علاقائی کشیدگی کے باوجود خلیج فارس سے بحری آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے، جہاں سعودی عرب کا تیل بردار ایک جہاز آبنائے ہرمز عبور کر کے پاکستان کی جانب روانہ ہو گیا ہے، جبکہ دیگر کارگو اور ایل پی جی بردار جہاز بھی روانگی اختیار کر چکے ہیں۔امریکی خبر رساں ادارے بلوم برگ کے مطابق سعودی عرب کا تیل سے لدا ایک چھوٹا بحری جہاز آبنائے ہرمز عبور کر کے پاکستان کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز خلیج فارس سے مجموعی طور پر سات مال بردار بحری جہازوں کی روانگی دیکھی گئی، جو خطے میں جاری کشیدگی کے باوجود بحری سرگرمیوں کے تسلسل کی نشاندہی کرتی ہے۔ان جہازوں میں ایک تیل بردار بحری جہاز کے علاوہ دو لیکویفائیڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) سے بھرے ٹینکرز اور چار دیگر کارگو جہاز بھی شامل ہیں، جو مختلف مقامات کے لیے روانہ ہوئے۔ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے، اور اس راستے سے جہازوں کی روانگی جاری رہنا عالمی منڈیوں کے لیے ایک مثبت اشارہ سمجھا جا رہا ہے، خصوصا ایسے وقت میں جب خطے میں سیکیورٹی صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں