فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثہ میں نوجوان جاں بحق، روٹھی بیوی کے نہ ماننے پر شوہر نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی، کرنٹ لگنے سے محنت کش چل بسا، گاڑی کی پول کو ٹکرانے سے سیف سٹی کیمرے ٹوٹنے سے 25لاکھ کا نقصان، گھروں کی چھتوں پر چڑھ کر خواتین کی ویڈیو بنانے والا گرفتار جبکہ چالاک ملزمان کا 6شہریوں کے ساتھ اڑھائی کروڑ کا فراڈ، پولیس نے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق کھرڑیانوالہ چوک کے قریب تیز رفتار بس کی زد میں آ کر موٹر سائیکل سوار عمر حیات ولد فضل الٰہی زندگی کی بازی ہار گیا، 211گ ب کے رہائشی ایوب کی اہلیہ ناراض ہو کر میکے 471گ ب چلے گئی وہ اہلیہ کو منانے کیلئے سسرال گیا اور راضی نہ ہونے پر ایوب نے گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔ ستیانہ روڈ پر ورکشاپ میں کام کرتے ہوئے 18سالہ عمر ولد ہارون کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا’ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ سیف سٹی فیلڈ سپروائزر عمر فاروق کا کہنا ہے کہ سمندری روڈ پل عبداﷲ کے قریب تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر بجلی کے پول سے ٹکرا گئی اور 25لاکھ مالیت کے سیف سٹی کیمرے ٹوٹ گئے، تھانہ صدر پولیس نے مچھلی گھر کے قریب شاہد انجم’ مدینہ سٹی میں عمران فاروق اور اویس کے گھر کی چھتوں پر چڑھ کر خواتین کی ویڈیو بنانے والے ملزم علی رضا کو گرفتار کر کے بازپرس شروع کر دی۔ علاوہ ازیں بھوآنہ بازار کے تاجر ذیشان نے بتایا کہ اس کے جاننے والے ملزم شہباز نے کاروبار کیلئے 80لاکھ کی رقم لیکر ہڑپ کر لی’ چنیوٹ بازار کے تاجر عادل سے خالد محمود نے 60لاکھ’ ستیانہ روڈ کے رہائشی عدنان بابر سے ملزم نعمان نے 45لاکھ’ مدینہ ٹائون کے علی رضا سے ملزم ولید قاسم نے 30لاکھ 50ہزار مالیت کے ائیرکنڈیشنڈ’ عدیل نے 15لاکھ 20ہزار کے ائیرکنڈیشنڈ لیکر رفوچکر ہو گئے۔ ریلبازار پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے زاہد کا کہنا ہے کہ ملزم عدنان الحق نے ساڑھے 16لاکھ کی رقم لیکر بدلے میں چیک دیئے جو کہ کیش نہ ہو سکے۔




