2گھنٹے سے زائد بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنیکا حکم

اسلام آباد (بیوروچیف) لیسکو سمیت ملک کی تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں لوڈشیڈنگ کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ وفاق نے تمام تقسیم کار کمپنیوں کو کسی بھی علاقے میں 24گھنٹوں کے دوران 2گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کرنے سے روک دیا ہے۔ذرائع کے مطابق معمول کے مطابق تمام فیڈرز پر زیادہ سے زیادہ 2گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا سکے گی، جبکہ تکنیکی یا فنی خرابی کی صورت میں بھی کسی فیڈر کو 24 گھنٹوں کے دوران 2گھنٹے سے زائد بند رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔وزیراعظم نے وزارتِ پاور ڈویژن کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کی موثر مانیٹرنگ کی ہدایت کردی ہے، جس کے بعد وزارتِ پاور ڈویژن نے لوڈشیڈنگ کی نگرانی کے لیے روزانہ اجلاس بھی شروع کردیئے ہیں۔ اجلاس میں تمام تقسیم کار کمپنیوں سے روزانہ کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ سے متعلق رپورٹ طلب کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے فراہم کردہ رپورٹس کیساتھ ساتھ 11کے وی فیڈرز کی آن لائن مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے، جبکہ تمام دفاتر کو کسی بھی فیڈر کو 2گھنٹے سے زائد بند رکھنے سے روک دیا گیا ہے۔دوسری جانب لیسکو میں رات کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا شیڈو ل بھی ترتیب دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں شیڈول کے تحت 2 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ ہونے لگی ہے۔حکام کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے دورانیے کی نگرانی اور تقسیم کار کمپنیوں کی رپورٹس کی جانچ کا سلسلہ جاری ہے تاکہ مقررہ حد سے زائد بجلی بند نہ کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں