اﷲ رب العزت جسے چاہے عزت دے۔۔۔۔

عظیم صوفی بزرگ صوفی برکت علی رحمة اﷲ علیہ کا تعلق سرزمین فیصل آباد سے ہے، وہ ایک صاحب کرامت ولی اﷲ تھے’ آپ نے جس پر بھی نظر کرم فرمائی اس کے مقدر کا ستارہ چمک اُٹھا اور اس کی بخت آوری پر بڑے بڑوں کو رشک کرتے دیکھا گیا، اﷲ تعالیٰ کے اس مقبول بندے نے پیشگوئی فرمائی تھی کہ ایک وقت آئیگا جب اقوام عالم کے فیصلے پاکستان میں ہوا کرینگے، اب وہ وقت آ گیا ہے اور دنیا کے تنازعات کے حل میں پاکستان کے کردار نے ملک وقوم کی عزت بڑھا دی ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی کاوشوں سے پاکستان کو بڑی سفارتی کامیابی ملی، ایران پر امریکی واسرائیلی حملوں کے نتیجہ میں چھڑ جانیوالی جنگ پر دنیا بھر میں گہری تشویش کا اظہار کیا گیا، امریکہ اور اسرائیل نے حملے کئے تو ایران نے بھی جواب دیتے ہوئے تابڑ توڑ حملے کئے، پاکستان نے اس موقع پر امن کیلئے جو کوششیں کیں اس کے نتیجہ میں اب یہ جنگ رک چکی ہے اور پاکستان کی سفارتی کوششوں سے امریکہ نے دو ہفتوں کی جنگ بندی کا اعلان کر دیا اور ایران بھی پاکستان کی تجویز مانتے ہوئے عارضی جنگ بندی پر رضامند ہو گیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کیخلاف ممکنہ فوجی کارروائی کو دو ہفتوں کے لیے موخر کر دیا گیا ہے اور اس دوران جنگ بندی نافذ رہے گی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بعد کیا گیا۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے جنگ بندی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے امریکی و ایرانی وفود کو 10اپریل کو مذاکرات کیلئے اسلام آباد آنے کی دعوت دے دی۔فریقین کی جانب جنگ بندی پر اتفاق کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے انتہائی عاجزی کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ نے فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ میں اس پرتپاک اقدام کا خیر مقدم کرتا ہوں اور دونوں ممالک کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور تمام تنازعات کے تصفیہ اور ایک حتمی معاہدے کیلئے مزید بات چیت کیلئے جمعہ 10اپریل 2026 کو فریقین کے وفود کو اسلام آباد میں مدعو کرتا ہوں۔وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ فریقین نے قابل ذکر حکمت اور سمجھداری کا مظاہرہ کیا ہے اور امن واستحکام کے مقصد کو آگے بڑھانے میں تعمیری طور پر مصروف عمل رہے ہیں، ہمیں پوری امید ہے کہ اسلام آباد مذاکرات پائیدار امن کے حصول میں کامیاب ہوں گے، مزید اچھی چیزیں بانٹنا چاہتے ہیں۔ خیال رہے کہ وزیراعظم پاکستان نے امریکی صدر سے درخواست کی تھی کہ سفارتکاری کو موقع دینے کیلئے ایران پر حملے کی ڈیڈ لائن میں 2ہفتوں کی توسیع کی جائے، انہوں نے ایران سے بھی آبنائے ہرمز کو 2ہفتوں کیلئے کھولنے کی درخواست کی تھی، جس پر فریقین نے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔ بلاشبہ! یہ پاکستان کی بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے اور قوم اس پر خوشی سے سرشار ہے مگر وطن عزیز میں ایک خاص طبقہ جنگ بندی کے لیے پاکستانی کاوشو ں کی کامیابی پر پریشان ہے اور وہ خاص وجہ سے تکلیف میں مبتلا ہے مگر اس کی تکلیف کم نہ ہو گی بلکہ بڑھے گی، قوم کا یہ نعرہ ہے کہ سب سے پہلے پاکستان’ پیارے وطن پر ہماری جان بھی قربان ہے مگر اپنے مفادات کو ہی مدنظر رکھنے والوں نے ہر کام پر تنقید کو اپنا وطیرہ بنا رکھا ہے لیکن انہیں ناکامی ونامرادی کے سوا کچھ حاصل نہ ہو گا اور انشاء اﷲ ہر لمحہ’ ہر آن پاکستان اور پاک افواج کا وقار بڑھتا رہے گا، یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ پاکستان نے دنیا میں قیام امن کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا اور اﷲ تعالیٰ نے ہر موقع پر ہمیں عزت سے نوازا ہے، عزت’ ذلت’ بادشاہی اور بھلائی سب اﷲ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، اﷲ تعالیٰ اپنی حکمت سے جسے چاہے اقتدار اور عزت دیتا ہے اور جس سے چاہے چھین لیتا ہے، اس میں انسان کی اپنی کوشش سے زیادہ اﷲ تعالیٰ کی مشیت کارفرما ہوتی ہے، اﷲ تعالیٰ کائنات کا حقیقی مالک ہے، اس کے حکم کے بغیر ایک پتہ بھی حرکت نہیں کر سکتا، حکومتیں اور عزتیں بھی وہی دیتا ہے اور یہ اس کے حکم سے ملتی اور چھن جاتی ہیں، اﷲ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کو دنیا میں امن کیلئے متحرک کردار ادا کرنے کی توفیق بخشی’ عظیم بزرگ صوفی برکت علی رحمة اﷲ علیہ کی پیش گوئی پر ہمارا کامل یقین ہونا لازمی بات ہے اور اﷲ تعالیٰ ہمیں مزید کامیابی اور عزت سے نوازے گا، عطاء اورکامیابی اﷲ تعالیٰ کی رضا، ایمان اور قرآن وسنت کی پیروی میں ہے، جب انسان محنت کے ساتھ اﷲ تعالیٰ پر توکل کرتا ہے تو وہ دنیا وآخرت میں فتح یاب ہوتا ہے، ہر فتح، کامیابی اور کامیاب تدبیر کے پیچھے اﷲ رب العزت کی ذات ہے، امریکہ ایران جنگ بندی کیلئے پاکستانی کوششوں کا کامیابی سے ہمکنار ہونا اﷲ تعالیٰ کا کرم وفضل ہے، خالق کائنات نے آپریشن بنیان مرصوص میں بھی پاکستان کو شاندار فتح عطا فرمائی، یہ آپریشن بھارتی فوج کی بزدلانہ جارحیت کے ردعمل میں کیا گیا، بھارتی اقدام کے نتیجہ میں بے گناہ شہریوں کی شہادت ہوئی جس میں خواتین’ بچے اور بزرگ بھی شامل تھے، پاکستان نے حملوں کا بدلہ لینے کیلئے آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا، اﷲ تعالیٰ نے مومنوں پر لازم کیا ہے جب ان پر ظلم ہو تو وہ اس کا جواب دیں، ہم شکر ادا کرتے ہیں کہ اﷲ تعالیٰ نے ہمیں بھارت کیخلاف آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی عطا فرمائی، پاکستان کی مسلح افواج اپنی بہادری’ پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کے ذریعے میدان جنگ میں شاندار کامیابی کو ممکن بنایا، اس تاریخی فتح سے اقوام عالم میں پاکستان کی عزت بڑھی اور اب امریکہ ایران جنگ بندی میں کلیدی کردار نے وطن عزیز کو عالمی برادری میں جو شاندار مقام دلایا ہے وہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی کاوشوں کو ثمر ہے، انشاء اﷲ کامیابیوں وکامرانیوں کا یہ سفر اسی طرح جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں