صاحبزادہ پیر سید مہر فرید الحق گولڑوی ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک

اسلام آباد (بیوروچیف) صاحبزادہ پیر سید مہر فرید الحق گیلانی گولڑوی کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ پیر سید مہر فرید الحق گیلانی گولڑوی کے نمازجنازہ کی امامت انکے والد گرامی سجادہ نشین آستانہ عالیہ غوثیہ گولڑہ شریف صاحبزادہ پیر سید معین الحق گیلانی گولڑوی نے فرمائی، ملک بھر کے طول وعرض سے انکے ہزاروں اہل عقیدت مریدین متوسلین ووابستگاں سمیت سیاسی سماجی مذہبی ومختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مہر فرید الحق گیلانی گولڑوی کی اچانک رحلت پر انکے جنازہ میں شریک افراد نے نعرہ تکبیر ورسالت بلند کرتے ہوئے انکو آنسوئوں میں سپرد خاک کر دیا۔ چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سمیت ممبران اسمبلی بیوروکریٹس علما ومشائخ و ملک بھر کے مختلف سجادہ نشینوں کی کثیر تعداد جنازہ میں شرکت کیلئے گولڑہ شریف پہنچی۔ پاکستان فلاح پارٹی کے چیئرمین محمد رمضان مغل ایڈووکیٹ، سید راشد علی گردیزی سیکرٹری جنرل، سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری، میاں راشد حفیظ، محمد ضمیر گجر صدرپنجاب شمالی، قاضی عبدالصبور ہاشمی جنرل سیکرٹری پنجاب، شمالی محمد رفیق لودھی ودیگر ذمہ داران نے آستانہ عالیہ غوثیہ گولڑہ شریف کے پیر سید مہر فرید الحق گیلانی گولڑوی کی اچانک رحلت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہم صاحبزادہ پیر مہرفریدالحق کے خاندان مریدین متوسلین عقیدتمندان اور وابستگاں سے اس انتہائی افسوسناک اور دلخراش سانحے پر درگاہِ معلی گولڑہ شریف اور جگر گوشہ تاجدارِ گولڑہ، پیر سید معین الحق گیلانی کے ساتھ گہرے دکھ اور دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ پیر سید مہر فرید الحق گیلانی کی رحلت نہ صرف خانوادہِ گولڑہ شریف بلکہ تمام وابستگانِ طریقت، عاشقانِ رسول، اور اہل سنت کے لیے ایک عظیم صدمہ اور ناقابل تلافی نقصان ہے۔ مرحوم کی دینی و ملی خدمات، زہد و تقویٰ، اور سادگی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ان کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کے درجات بلند فرمائے، انہیں اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے’ پاکستان فلاح پارٹی اس غم کے لمحے میں خانوادہِ گولڑہ شریف کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں