پاکستان امن کا تحفہ دینے کیلئے تیار

اسلام آباد(بیوروچیف) پاکستان دنیا کو امن کا تحفہ دینے کے لیے تیار ہے،امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات آج ہو رہے ہیں۔ امریکی وفد نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں اسلام آباد پہنچ گیا۔امریکا کے وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس، جیرڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف شامل ہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مہمانوں کا استقبال کیا، امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر بھی موجود تھیں۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا خیرمقدم کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پائیدار علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے حصول کے لیے امریکا کی وابستگی کو سراہا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ تمام فریقین تعمیری انداز میں بات چیت کریں گے اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے فریقین کے درمیان سہولت کاری جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔جیڈی وینس نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ایران نیک نیتی دکھائے ہم بھی تیار ہیں۔ صدر ٹرمپ نے مذاکرات کیلئے واضح گائیڈ لائنز دی ہیں۔ یقین ہے مذاکرات مثبت رہیں گے۔ قبل ازیں ا یرانی پارلیمانی اسپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں اعلیٰ سطح ایرانی وفد اسلام آباد پہنچا تھا۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی وفد میں شامل ہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈمارشل سیدعاصم منیراوروزیر داخلہ محسن نقوی نے پرتپاک استقبال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں