المناک حادثات میں ڈیڑھ سالہ بچے سمیت2افراد جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ نشاط آباد کے علاقہ ڈائیوو روڈ سے 100 ج ب کی جانب روڈ پر تیز رفتار رکشہ کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار نوجوان لقمہ اجل بن گیا، پولیس نے نعش تحویل میںلیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق غلام محمد آباد سلطان ٹائون کا رہائشی 40سالہ عمران علی ولد تاج دین موٹرسائیکل پر سوار ہو کر ڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ جب وہ ڈائیوو روڈ سے 100 ج ب کی جانب روڈ پر پہنچا تو عقب سے آنیوالے تیز رفتار لوڈر رکشہ کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا جبکہ رکشہ ڈرائیور بھی معمولی زخمی ہوا، تاہم مضروب عمران علی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، تاہم پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے زخمی ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔دریں اثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ساہیانوالہ کے علاقہ لاہوریاں موسیٰ آباد میں تیز رفتار کار نے گلی میں کھیلتے ہوئے ڈیڑھ سالہ بچے کو کچل دیا’ والدین غم سے نڈھال’ ہر آنکھ اشکبار ہو گئی، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ ساہیانوالہ کے علاقہ لاہوریاں موسیٰ آباد کے رہائشی محمد رفیق کا ڈیڑھ سالہ بیٹا زین علی گھر کے باہر گلی میں کھیل رہا تھا کہ گائوں کا نوجوان سلیم تیز رفتاری کیساتھ کار پر آیا اور بچہ کو کچل دیا جو کہ موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا۔ بچے کے جاں بحق ہونے پر والدین غم سے نڈھال ہو گئے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں