ییلو فیور کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابی مل گئی

بانگوئی (مانیٹرنگ ڈیسک) طبی دنیا میں ییلو فیور (پیلا بخار) کے خلاف ایک نیا اور طاقتور ہتھیار سامنے آیا ہے۔ حال ہی میں مکمل ہونے والی ایک طبی تحقیق کے مطابق، معروف دوا ساز کمپنی سائونفی کی تیار کردہ نئی ویکسین vYF اپنی کارکردگی اور تحفظ کے لحاظ سے موجودہ رائج ویکسین YF-VAX کے برابر ثابت ہوئی ہے۔یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دنیا بھر میں اس مہلک وائرس سے سالانہ 29ہزار سے 60ہزار اموات ریکارڈ کی جا رہی ہیں۔ماضی میں وسطی افریقہ اور برازیل میں زرد بخار کے پھیلا کے دوران ویکسین کی عالمی رسد میں شدید کمی دیکھی گئی تھی، جس کی وجہ سے طبی ماہرین کو مجبورا خوراک کے چھوٹے حصے استعمال کرنا پڑے تھے۔ چونکہ اس وائرس کا کوئی باقاعدہ اینٹی وائرل علاج موجود نہیں، اس لیے ویکسینیشن ہی واحد دفاع ہے۔نئی ویکسین vYF کو روایتی طریقوں کے بجائے ویرو سیلز میں تیار کیا گیا ہے، جس کی بدولت بڑے پیمانے پر اور زیادہ تیزی سے ویکسین کی تیاری ممکن ہوسکے گی۔اس کلینیکل ٹرائل میں 18 سے 60 سال کی عمر کے 485 تندرست افراد نے حصہ لیا۔ نتائج سے ظاہر ہوا کہ نئی ویکسین حاصل کرنے والے 99.7 فیصد افراد میں 28 دنوں کے اندر وائرس کے خلاف حفاظتی اینٹی باڈیز پیدا ہو گئیں، جبکہ پرانی ویکسین میں یہ شرح 99.4 فیصد تھی۔تحقیق کے مطابق دونوں گروپوں میں اینٹی باڈیز کی سطح ایک سال تک یکساں رہی اور کسی بھی شریکِ تحقیق میں کوئی بڑا سائیڈ ایفیکٹ یا منفی ردعمل سامنے نہیں آیا۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ حتمی منظوری کے بعد vYF ویکسین عالمی سطح پر ویکسین کی قلت کو دور کرنے اور مستقبل میں کسی بھی ممکنہ وبا کو کنٹرول کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ یہ ویکسین نہ صرف سستی ہوگی بلکہ اس کی وافر مقدار میں دستیابی سے دور افتادہ علاقوں تک رسائی بھی آسان ہوجائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں