فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس پی لائلپور ڈویژن عابد حسین ظفر نے پانچ پولیس ملازمین کو نوکری سے برخاست کر دیا۔ برخاست ہونے والوں میں ایک سب انسپکٹر’ ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور تین کانسٹیبلان شامل ہیں۔ سب انسپکٹر محسن حیدر کموکا تھانہ گلبرگ کو کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال اور اغواء برائے تاوان کے مقدمہ میں نامزد ہونے پر نوکری سے برخاست کر دیا۔ اے ایس آئی محمد اسلم تھانہ سول لائن کو جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کرنے پر ڈسمس فرام سروس کیا گیا، کانسٹیبل محسن امتیاز تھانہ کوتوالی بوجہ غیر حاضری ڈسمس کیا، کانسٹیبلوں ماجد اور عمیر تھانہ غلام محمد آباد کو دوران ڈیوٹی غفلت لاپرواہی کی وجہ سے گرفتار ملزم کے فرار ہونے پر نوکری سے برخاست کیا گیا۔ ایس پی لائلپور ڈویژن عابد حسین ظفر نے کہا کہ پولیس میں کرپشن اختیارات کے ناجائز استعمال یا غفلت برداشت نہیں کی جائیگی، صرف دیانتدار اور خدمت گزار اہلکار فورس کا حصہ رہیں گے۔ پولیس فورس میں سزا اور جزا کا منصفانہ اور موثر نظام موجود ہے۔




