حلقہ بندیاں فائنل،بلدیاتی امیدوار سرگرم،ڈیرے آباد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب بھر میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کے شیڈول کے اعلان پر امیدواروں کے ڈیرے آباد’ ووٹروں’ سپورٹروں کی آئو بھگت’ گہما گہمی بڑھ گئی، دیرینہ عوامی مسائل بھی حل ہونے لگے’ بلدیاتی امیدواروں نے الیکشن جیتنے کیلئے ووٹرز کو رام کرنا شروع کر دیا۔ تفصیل کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب میں حلقہ بندیوں الیکشن کیلئے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے اور اس سلسلے میں باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ بلدیاتی الیکشن کے لیے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان ہوتے ہی بلدیاتی امیدواروں نے رابطہ عوام مہم تیز کر دی ہے اور ان کے ڈیرے آباد ہو چکے ہیں۔ بلدیاتی امیدواروں کے ڈیروں پر آنیوالے لوگوں کے ترجیحی بنیادوں پر مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور ان کی آئو بھگت کی جا رہی ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے ممکنہ امیدواروں کے ڈیروں پر رات گئے تک رونقیں نظر آتی ہیں اور وہ الیکشن میں کامیابی کے لیے ووٹروں’ سپورٹروں سے مسلسل رابطوں میں ہیں اور ان کے ڈیروں پر رونقیں بڑھ گئی ہیں۔ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں نے حلقہ بندیوں پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے کہ جس محلے یا گلی میں ان کے ووٹ زیادہ ہیں اس کو اپنے حلقہ میں شامل کروایا جائے اور اس سلسلہ میں امیدواروں نے اپنے حلقہ کے ممبران قومی وصوبائی سے بھی رابطے بڑھانا شروع کر دیئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں