اسلام آباد (بیوروچیف) مشرقِ وسطی کی اہم گزرگاہ آبنائے ہرمزپر نئے ضوابط نافذ کر دیے گئے ہیں، جن کے تحت جہازوں کی آمد و رفت کو مزید سخت نگرانی میں لایا جا رہا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کیلئے اب ایرانی نیوی کی پیشگی اجازت لازمی ہوگی۔بیان کے مطابق صرف سویلین تجارتی جہازوں کو مخصوص راستوں کے ذریعے گزرنے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ فوجی جہازوں کے داخلے پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات لبنان میں جنگ بندی معاہدے کے تناظر میں کیے جا رہے ہیں، تاکہ خطے میں سکیورٹی صورتحال کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔ماہرین کے مطابق ان نئی شرائط سے عالمی بحری تجارت، خاص طور پر تیل کی ترسیل پر اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے، کیونکہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تجارتی گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے۔




