فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد میں میٹروبس منصوبے پر تعمیراتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا یاد رہے کہ چند روز قبل ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں بعض ممبران نے تجویز دی تھی کہ میٹروبس منصوبے کو ختم کر کے دیگر فیصل آباد کی تعمیر وترقی کے منصوبے شروع کئے جائیں اور اس پر مختلف ولاگرز کی جانب سے مختلف آراء پیش کی گئی تھیں تاہم ”ڈیلی بزنس رپورٹ” فیصل آباد نے ڈی سی سی کے اجلاس کے بعد اگلے روز ہی خبر شائع کی تھی کہ فیصل آباد میٹروبس منصوبہ ضرور مکمل ہو گا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ڈی سی سی کے ممبران سے اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیصل آباد میں میٹرو بس سروس کا منصوبہ ضرور بنے گا۔ یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے 22 ممبران میں سے ممبر صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل نے میٹروبس سروس کے منصوبہ کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے اسے فیصل آباد کے عوام کیلئے سفری سہولت کا بہترین منصوبہ قرار دیا تھا اور اگلے روز ہی سینیٹر چوہدری عابد شیر علی نے پریس کلب فیصل آباد کا وزٹ کرتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میٹروبس منصوبہ کو ہر صورت مکمل کرنے کا کہتے ہوئے کہا تھا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اس منصوبے کی کامیابی کیلئے سرگرم ہیں۔ تاہم ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے فیصل آباد میں میٹروبس منصوبے پر تعمیراتی کام کا آغاز کروا دیا اور ٹھیکیدار سائٹ فراہم کر دی گئی ہے۔




