وائس چیئرمین پر منشیات کا جھوٹا مقدمہ،IGپنجاب پولیس کی آج طلبی

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں طاہر جمیل MPA حلقہ پی پی115 نے مسلم لیگی وائس چیئرمین کیخلاف تھانہ مدینہ ٹائون میں درج ہونیوالے منشیات کے جھوٹے مقدمے کیخلاف پنجاب اسمبلی کے ایوان میں آواز اٹھا دی، جس پر آئی جی پنجاب پولیس رائو عبدالکریم کو آج پنجاب اسمبلی میں طلب کر لیا گیا’ جہاں پر ان سے پوچھا جائے گا کہ فیصل آباد میں ایک مسلم لیگی وائس چیئرمین کیخلاف منشیات کا جھوٹا مقدمہ کیوں درج کیا گیا۔ واضح رہے کہ حلقہ این اے101′ پی پی113 کی سٹی کونسل 56 مدینہ ٹائون کے وائس چیئرمین چوہدری وسیم عباس باجوہ کیخلاف تھانہ مدینہ ٹائون کے ایس ایچ او عدیل اکرم چیمہ نے 2کلو ہیروئن رکھنے کا مقدمہ درج کیا اور پابند سلاسل کر دیا۔ اس پر حلقہ پی پی115 کے ایم پی اے میاں طاہر جمیل مذکورہ وائس چیئرمین چوہدری وسیم عباس باجوہ کی آواز بن گئے اور ان کیخلاف درج ہونیوالے منشیات کے جھوٹے مقدمہ کے متعلق پنجاب اسمبلی میں آواز بلند کر دی۔ یہاں پر یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ میاں طاہر جمیل ایم پی اے کے اس اقدام کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ایک ایم این اے اور بعض ٹکٹ ہولڈرز نے گزشتہ روز مذکورہ وائس چیئرمین کے ورثاء کے ساتھ مل کر پولیس گردی کیخلاف احتجاج بھی کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں