اسلام آباد(بیوروچیف) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایران جنگ بندی میں توسیع کی درخواست قبول کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اظہار تشکر کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اپنی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی طرف سے جنگ بندی میں توسیع کی درخواست قبول کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پوری امید ہے فریقین تنازع کے مستقل خاتمے کیلئے اسلام آباد میں مذاکرات کے دوسرے دور میں جامع امن ڈیل کو انجام دینے میں کامیاب ہوں گے۔وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان تنازعات کے مذاکراتی حل کیلئے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا، پوری امید ہے کہ فریقین جنگ بندی کی پاسداری جاری رکھیں گے۔خیال رہے کہ اس قبل امریکی صدر نے اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہم سے ایرانی قیادت کی متفقہ تجاویز آنے تک حملے روکنے کا کہا ہے، شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی درخواست پر ایران پر حملے روک رہے ہیں۔دریں اثناء ۔نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے صدر ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔سیکرٹری جنرل یو این نے کہا کہ پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں، امید ہے کہ مذاکرات جامع اور دیر پا حل کی راہ ہموار کریں گے، یہ کشیدگی میں کمی کی جانب اہم قدم ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان سفارتکاری کیلئے موقع پیدا ہو گیا، انہوں نے فریقین سے جنگ بندی کا احترام کرنے اور اشتعال انگیزی سے گریز کی اپیل کی۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک کے مطابق یہ کشیدگی میں کمی کی جانب ایک اہم قدم ہے اور ایران اور امریکا کے درمیان سفارتکاری اور اعتماد سازی کے لئے اہم موقع فراہم کرتا ہے۔سیکرٹری جنرل کے دفتر نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ اس پیش رفت کو آگے بڑھائیں، جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کریں اور مذاکرات میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ گوتریس پاکستان کے کردار کی بھی حمایت کرتے ہیں جس نے مذاکرات میں سہولت کاری کی ہے، امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کی یہ کوششیں ایک جامع اور پائیدار حل کے لیے حالات سازگار بنانے میں مدد دیں گی




