اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے ایک بار پھر عوام کو جزوی ریلیف دیتے ہوئے مٹی کے تیل کی قیمت میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس سے گھریلو صارفین کو کچھ سہولت ملنے کی امید ہے۔ تاہم دوسری جانب دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے اس ریلیف کے اثرات کو محدود کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 63روپے 60پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 365 روپے 21پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ یہ کمی فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے۔ اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 428روپے 81پیسے فی لیٹر تھی، جبکہ گزشتہ ہفتے بھی اس کی قیمت میں 21 روپے 34 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔ دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن نے حال ہی میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، جس کے تحت دونوں مصنوعات 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر مہنگی کر دی گئی ہیں۔




