ٹریفک حادثہ میں دولہا کے بھائی سمیت3باراتی جاں بحق،خوشیوں بھرا گھر ماتم کدہ بن گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) خوشیوں بھرا گھرانہ ماتم کدہ بن گیا’ ڈی ٹائپ کالونی سے چنیوٹ جانے والی باراتیوں کی گاڑی کو المناک حادثہ میں دولہا کے بھائی سمیت دو دوست لقمہ اجل بن گئے، دولہا کے بھائی اور دو دوستوں کی نعشیں گھر پہنچنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشکبار ہو گئی، نمازجنازہ میں ایم پی اے میاں طاہر جمیل سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی ٹائپ کالونی سے رحمان چوک کے مرزا عثمان کی شآدی میں اس کا بھائی مرزا سفیان اپنے دوستوں رانا منیر وغیرہ کے ہمراہ کار میں سوار ہو کر بارات کیساتھ فیصل آباد سے چنیوٹ جا رہے تھے کہ چنیوٹ کے قریب بائی پاس روڈ پر تیز رفتار کار بے قابو ہو کر کھمبے سے ٹکرا کر کھیتوں میں جاگری اور کار میں سوار دولہا کا چھوٹا بھائی مرزا سفیان اس کے دوست رانا منیر وغیرہ بری طرح زخمی ہو گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور مذکورہ افراد کو گاڑی سے باہر نکالا تو دولہا کا بھائی مرزا سفیان اور اس کا دوست رانا منیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ ان کے تیسرے دوست کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ المناک حادثہ میں تین دوستوں کے جاں بحق ہونے کی خبر پر شادی والا گھر ماتم کدہ بن گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ تاہم پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ نعشیں فیصل آباد پہنچنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا، پورے علاقہ کی فضاء سوگوار ہو گئی۔ تاہم گزشتہ شب نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد تینوں دوستوں کو سپردخاک کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں