فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن’ کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے شہر کے مختلف علاقوں میں پختہ وعارضی تجاوزات کے خاتمہ کیلئے 10 روزہ شیڈول جاری کر دیا اور میونسپل کارپوریشن انسداد انکروچمنٹ عملہ متحرک ہو گیا، 30 اپریل تک غلام محمد آباد کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور دکانوں بالخصوص گلی محلوں میں گھروں کے باہر چار دیواری اور باتھ روم’ گیراج’ تھڑے وغیرہ سمیت پختہ اور عارضی تجاوزات کا خاتمہ ہو گا۔ 2 مئی بروز ہفتہ کو سول کوارٹرز سی بلاک میں آپریشن کیا جائے گا۔ 4مئی اور 5مئی کو سول کوارٹرز کی گلیوں میں لگائے جانے والے غیر قانونی گیٹ کا خاتمہ کیا جائے گا۔ جبکہ 6 اور 7 مئی کو پیپلزکالونی نمبر2 سیون اپ پارک اے بلاک میں تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں 8 مئی کو ماڈل ٹائون اے دھوبی گھاٹ اور 9مئی کو ماڈل ٹائون بی دھوبی گھاٹ میں تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس کا کہنا ہے کہ شہری ازخود اپنے گھروں’ گلی’ محلوں میں پختہ تجاوزات کا خاتمہ کریں ورنہ بھاری مشینری کیساتھ تجاوزات کو مسمار کر دیا جائے گا۔




