لالیاں (نامہ نگار) لالیاں میں زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی دو بیٹوں سمیت جاں بحق جبکہ بہو زخمی ہو گئی۔لالیاں کے علاقے کانڈیوال روڈ پر واقع بشیر کالونی میں رات گئے ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں زیرِ تعمیر مکان کی چھت اچانک منہدم ہو گئی،حادثے کے وقت گھر کے افراد نیچے سو رہے تھے۔جاں بحق ہونے والوں میں22سالہ وقار ولد تنویر’20سالہ وقاص ولد تنویر، 50سالہ رضیہ بی بی زوجہ تنویر، اور 50سالہ تنویر ولد غلام محمد شامل ہیں، جن کا تعلق بشیر کالونی سے بتایا جاتا ہے۔حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت 18سالہ زینب زوجہ وقار کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو 1122کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر طاہرہ خان کی زیر نگرانی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، ٹیموں نے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملبے تلے دبے افراد کو نکالا۔ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق افراد کی لاشیں ملبے سے نکال کر ورثا کے حوالے کر دیں جبکہ زخمی کو فوری طبی امداد دی گئی،واقعہ نے علاقے میں سوگ کی فضا قائم کر دی ہے۔




