ایران کے500ملین ڈالرز کے کرپٹو اثاثے ضبط

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کے تقریباً500ملین ڈالرز مالیت کے کرپٹو کرنسی اثاثے ضبط کر لیے۔عرب میڈیا نے امریکی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی وزیرِ خزانہ کے مطابق ہمارے آپریشن اکنامک فیوری نے تہران کی حکومت کو بحران سے دوچار کر دیا ہے۔اسکاٹ بیسنٹ نے امریکی میڈیا کو بتایا ہے کہ ہم تقریباً 350ملین مالیت کے کرپٹو اثاثے ضبط کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، اس کے علاوہ حال ہی میں حاصل کیے گئے مزید 100ملین ڈالرز بھی اس رقم میں شامل ہیں، اس طرح مجموعی رقم تقریبا نصف ملین ڈالرز تک پہنچ گئی ہے، جبکہ دنیا بھر میں ایرانی بینک اکانٹس منجمد کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال مارچ میں اس معاشی دبائو کی مہم کا حکم دیا تھا اور تقریباً 3ہفتے قبل مجھے ہدایت دی کہ دبا مزید بڑھایا جائے۔ امریکی وزیرِ خزانہ کے مطابق امریکا اب غیر ملکی حکومتوں اور کمپنیوں پر بھی زور دے رہا ہے کہ وہ ایران سے تعلقات ختم کریں۔اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا ہے کہ ہم ایرانی تیل کے خریداروں سے رجوع کر چکے ہیں اور انہیں آگاہ کیا ہے کہ ہم ان کی صنعتوں اور ان بینکوں کے خلاف ثانوی پابندیاں عائد کرنے کے لیے تیار ہیں جو اپنے نظام میں ایرانی تیل کی گنجائش یا سہولت فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی دبائو کی مہم اور ایرانی بندرگاہوں پر امریکی بحری ناکہ بندی ایران کی معیشت کو مستقل نقصان پہنچائے گی۔ادھر ایران نے امریکی مہم کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔ ایرانی اسپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے بھی اسکاٹ بیسنٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایکس پر جاری بیان میں امریکی وزیرِ خزانہ کی جانب سے ٹرمپ کو دیے گئے مشوروں کو بے کار قرار دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں