اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے گندم ذخائر پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں مقامی ضروریات پوری کرنے اور غذائی تحفظ برقرار رکھنے کے لیے وافر مقدار میں گندم موجود ہے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے نیشنل ویٹ اوور سائٹ کمیٹی کے 11ویں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں ملک بھر میں گندم کی خریداری مہم، کٹائی کی پیش رفت اور مارکیٹ میں رائج قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزارت کے سینئر افسران، صوبائی محکمہ زراعت کے نمائندگان ، پاسکو اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ گندم کی فصل کی مجموعی صورتحال، خریداری اہداف اور سپلائی چین کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی مارکیٹ میں گندم کی قیمتیں عالمی رجحانات کے مطابق ہیں جو فی من 3,500سے 4,000روپے کے درمیان ہیں جس سے کسانوں کو مناسب معاوضہ ملتا ہے اور صارفین کے لیے بھی قیمتیں قابل برداشت رہتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے منصفانہ قیمتوں اور ہموار خریداری نظام کو یقینی بنا رہی ہے۔رانا تنویر حسین نے موجودہ گندم ذخائر پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ملک میں مقامی ضروریات پوری کرنے اور غذائی تحفظ برقرار رکھنے کے لیے وافر مقدار میں گندم موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں نے رواں سیزن کیلئے مقررہ گندم پیداوار کے اہداف حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے تمام صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ گندم کی بین الصوبائی ترسیل کو بلا رکاوٹ یقینی بنایا جائے۔




