فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جائیداد کی خاطر خون سفید ہو گیا، مشتعل بھائیوں کا بڑے بھائی اور بھاوج پر بہیمانہ تشدد’ ویڈیو وائرل ہونے پر ایس ایچ او تھانہ لنڈیانوالہ سب انسپکٹر محسن عباس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کر کے ملزمان زاہد’ مقصود’ راشد اور اویس کو گرفتار کر کے حوالات بند کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ لنڈیانوالہ کے علاقہ 644 گ ب میں زاہد’ مقصود’ راشد وغیرہ نے اپنے بڑے بھائی خالد کیساتھ جائیداد کی تقسیم کا جھگڑا چل رہا تھا، گزشتہ روز خالد ٹریکٹر لیکر جا رہا تھا کہ راستے میں اسکے سگے بھائیوں زاہد’ مقصود وغیرہ نے ٹریکٹر چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر ڈنڈے’ سوٹوں سے بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا اور خالد کی اہلیہ چھڑانے کیلئے آگے بڑھی تو اسکو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ جسکی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ایس ایچ او نے فوری طور پر مختلف مقامات پر چھاپے مار کر ملزمان کو گرفتار کر کے حوالات بند کر دیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔




