سرکاری افسران کی دوہری شہریت سے متعلق ریکارڈ مرتب کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے اعلی سرکاری افسران کی دوہری شہریت سے متعلق مکمل ریکارڈ مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے تفصیلی ڈیٹا طلب کر لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی کی درخواست پر گریڈ 17سے 22تک کے افسران کی تفصیلات فوری طور پر فراہم کرنیکی ہدایت جاری کی گئی ہے۔اس سلسلے میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی ہدایت پر ایف بی آر نے تمام فیلڈ فارمیشنز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے، جس میں ان لینڈ ریونیو اور کسٹمز سروس کے افسران کا مکمل ڈیٹا طلب کیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق دوہری شہریت رکھنے والے افسران کی مکمل معلومات مقررہ فارم پر فراہم کی جائیں گی، جن میں نام، شناختی کارڈ نمبر، سروس گروپ اور موجودہ تعیناتی کی تفصیلات شامل ہوں گی۔ایف بی آر نے ایکس کیڈر افسران کو بھی اس ڈیٹا میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ تمام چیف کمشنرز، ڈائریکٹر جنرلز اور کلکٹوریٹس کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق یہ ڈیٹا سینیٹ سیکرٹریٹ کو بھجوانے کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذریعے فراہم کیا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں