تیز آندھی اوربارش،آسمانی بجلی گرنے سے 2بچوں سمیت3افراد جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گزشتہ رات فیصل آباد اور گرد ونواح میں موسلادھار طوفانی بارش سے جل تھل ہو گیا’ نشیبی علاقوں میں بارشی پانی جمع ہونے اور فیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں کی بجلی بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا’ تاہم فیصل آباد میں گزشتہ شام ہونے والی موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ شام سب سے زیادہ بارش علامہ اقبال کالونی میں 38ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ غلام محمد آباد میں 36′ ڈوگر بستی میں 35′ گلستان کالونی میں 33′ جیل روڈ پر 32 اور مدینہ ٹائون میں 31 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تاہم ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے بارش کے دوران بھی آپریشنل سٹاف کو متحرک کرتے ہوئے کہا کہ پونڈنگ پوائنٹس سے بارشی پانی کو نکالنے کیلئے تمام مشینری کو فعال رکھا جائے جب تک بارشی پانی کی نکاسی مکمل ہونے پر سٹاف فیلڈ میں موجود رہا۔ جبکہ بارش کے دوران فیسکو کے درجنوں فیڈر ٹرپ ہونے سے متعدد علاقوں کی بجلی بند ہو گئی۔ جسکی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کئی علاقوں کی ابھی تک بجلی بحال نہ ہو سکی۔دریں ثناء ۔جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ( نامہ نگاران )تیز آندھی اور بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے تین مختلف واقعات میں دو بچوں سمیت 3افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ تفصیلات کے مطابق جھنگ کی تحصیل اٹھارہ ہزاری کے نواحی علاقہ کنل شیروانہ بستی واصو کا رہائشی13سالہ علی رضاولد اللہ دتہ بارش میں نہا رہا تھا کہ آسمانی بجلی کی زد میں جھلس گیا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ چل بسا ،اس واقعہ میں ایک قیمتی بیل بھی ہلاک ہو گیا ۔ٹوبہ ٹیک سنگھ کے گاؤں 401 ج ب کا 13 سالہ غلام سرور بکریاں چرا کر گھر واپس آ رہا تھابجلی گرنے سے جاں بحق ہو گیا جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے موضع بیپلی کا 35 سالہ محمد حاجی مزدوری کے بعد گھر لوٹتے ہوئے بجلی گرنے سے جان کی بازی ہار گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں