موٹروے پولیس کے آفیسر نے سعودیہ میں دیانتداری کی مثال قائم کردی

اسلام آباد (بیوروچیف) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسر نے سعودی عرب میں دیانتداری اور فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کر دی پاکستان حج مشن کے تحت سعودی عرب میں خدام الحجاج کے خصوصی فرائض سرانجام دیتے ہوئے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے انسپکٹر نوید احمد قاضی نے دیانتداری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کی شاندار مثال قائم کر دی۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر نوید احمد قاضی سعودی عرب کے ایک ہوٹل میں حج ڈیوٹی کے سلسلے میں اپنے فرائض انجام دے رہے تھے کہ اس دوران انہیں ہوٹل سے ایک گمشدہ ہینڈ بیگ ملا۔ جانچ پڑتال پر معلوم ہوا کہ بیگ میں 2000 سعودی ریال نقد رقم کے علاوہ اہم اصل شناختی دستاویزات بھی موجود تھیں۔موٹروے پولیس کے فرض شناس افسر نے فوری طور پر ہوٹل انتظامیہ سے رابطہ کیا اور ڈیوٹی آفیسر کے ہمراہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ بیگ کے اصل مالک کا سراغ لگایا جا سکے۔ مسلسل کوششوں کے بعد معلوم ہوا کہ بیگ میں موجود شناختی دستاویزات کراچی، پاکستان کی رہائشی ایک خاتون کی ہیں۔بعد ازاں انسپکٹر نوید احمد قاضی نے متعلقہ خاتون کو تلاش کیا اور ہینڈ بیگ، نقد رقم اور اصل دستاویزات بحفاظت ان کے حوالے کر دیں۔ خاتون نے اس غیر معمولی ایمانداری، ذمہ داری اور تعاون پر گہرے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان حج مشن، بالخصوص نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسر کی فرض شناسی کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے افسران نہ صرف پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرتے ہیں بلکہ عازمینِ حج کے اعتماد میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔ انسپکٹر نوید احمد قاضی کا یہ اقدام پاکستان حج مشن اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی نیک نامی، پیشہ ورانہ وقار اور عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کا باعث ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں