شاندار فتح کا 1سال مکمل’ قوم خوشی سے سرشار (اداریہ)

معرکہ حق میں پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر شاندار فتح حاصل کی اور آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔ معرکہ حق میں ملنے والی شاندار فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں یوم تشکر منایا گیا، جن میں افواج پاکستان کی جرأت وبہادری کو سراہا گیا، معرکہ حق میں شاندار فتح قومی اتحاد’ فوجی طاقت اور جارحیت کے مقابلے میں مزاحمت کی بہترین مثال ہے، آپریشن بنیان مرصوص نے ثابت کیا کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور سالمیت کا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اس موقع پر پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ نظر آئی، قوموں کی اصل طاقت ان کے عوام ہوتے ہیں اور گزشتہ برس بھارتی جارحیت پر پاکستانی معاشرے نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا، افواج پاکستان کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور دفاع وطن کا عزم اپنی مثال آپ ہے، معرکہ حق میں عسکری اعتبار سے پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت اور پیشہ وارانہ تیاری اور جدید جنگ حکمت عملی کا بھرپور مظاہرہ کیا، جدید ٹیکنالوجی’ انٹیلی جنس تعاون اور دفاعی تیاریوں نے پاکستان کے دفاعی ڈھانچے کو مزید مضبوط کیا، معرکہ حق میں فتح کے بعد پاکستان کا عالمی سطح پر وقار بلند ہو گیا، پاکستان کی مسلح افواج کی شاندار کامیابی حکومت اور اداروں سمیت ہر طبقہ فکر فخر محسوس کر رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ امن’ استحکام اور باوقار ہمسائیگی کی پالیسی اپنائی، مگر امن پسندی کو کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے، معرکہ حق نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان دفاع وطن معاملے میں کسی قسم کی مصلحت یا کمزوری کا شکار نہیں، بے شک! معرکہ حق نے پاکستان کے دفاعی نظریے کو عملی طور پر ثابت کیا ہے اور دنیا نے دیکھا ہے کہ افواج پاکستان نے جدید جنگی حکمت عملی’ قومی اتحاد اور پیشہ وارانہ صلاحیت کے ذریعے ازلی دشمن بھارت کو دھول چٹائی، اس معرکہ نے ایک اور حقیقت بھی آشکار کی کے قومی طاقت صرف معاشی حجم سے پیدا نہیں ہوتی، اگر ایسا ہوتا تو دنیا کی ہر بڑی معیشت عسکری طور پر ناقابل برداشت ہوتی، حقیقت یہ ہے کہ قوموں کی اصل طاقت ان کے اداروں کی پیشہ وارانہ صلاحیت’ عوام کے اعتماد اور قیادت کی یکسوئی سے جنم لیتی ہے، پاکستان گزشتہ برس معرکہ حق میں یہی عناصر بروئے لایا، جب قومی سلامتی کا معاملہ سامنے آیا تو پوری قوم اور تمام ریاستی ادارے ایک صفحے پر دکھائی دیئے، اس اتحاد نے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا بلکہ دنیا کو بھی یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان کو کمزور یا منتشر سمجھنا ایک سنگین غلط فہمی ہو گی، یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اس جنگ کے بعد عالمی سفارتی حلقوں میں پاکستان کی حیثیت میں نمایاں اضافہ ہوا، اس جنگ نے جدید جنگی حکمت عملی کے نئے پہلو بھی اجاگر کئے۔ ڈرون ٹیکنالوجی الیکٹرانک وارفیئر’ انٹیلی جنس اشتراک اور فضائی دفاعی نظام اب جنگوں کے بنیادی عنصر بن چکے ہیں۔ الحمدﷲ! پاکستان نے ان میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کے ایسے مظاہرے کئے جس نے بڑے بڑے عسکری تجزیہ کاروں کو حیران کیا، گزشتہ برس کے واقعات نے عالمی طاقتوں کو بھی ایک نئی حقیقت کا احساس دلایا اور انہیں احساس ہو گیا کہ پاکستان کو نظرانداز کر کے خطے کی کوئی بھی حکمت عملی موثر نہیں ہو سکتی، یہی وجہ ہے کہ بعدازاں مختلف عالمی فورمز پر پاکستان کے ساتھ دفاعی’ اقتصادی اور سفارتی روابط میں اضافہ دیکھنے میں آیا، یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے کہ گزشتہ سال مئی میں بھارت نے پاکستان پر رات کی تاریکی میں بزدلوں کی طرح چھپ کر جارحیت کا ارتکاب کیا اور افواج پاکستان نے ان دندان شکن کو جواب دیا اور اسے منہ کی کھاتے ہوئے جن ہزیمتوں کا سامنا کرنا پڑا اس کی پوری دنیا گواہ ہے، معرکہ حق نے پیغام دیا کہ اتحاد وایمان کی قوت بڑی اہمیت کی حامل ہوتی ہے، آپریشن بنیان مرصوص ہمیں اتحاد’ نظم وضبط اور مشترکہ مقصد کی اہمیت کا احساس دلاتا ہے، حقیقی کامیابی صرف فتح میں نہیں بلکہ اس طریقہ کار میں ہے جس کا اخلاقی بنیادوں پر جوازبھی ہو اور اقوام عالم بھی اس کا اعتراف کرے، انشاء اﷲ پوری پاکستانی قوم ہر موقع پر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے اور دشمن نے کسی بھی موقع پر جارحیت کی تو اسے منہ کی کھانا پڑے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں