ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) تھانہ چٹیانہ کے نواحی علاقے چک نمبر 315گ ب میں گھریلو تنازعہ پر مبینہ طور پر باپ نے کلہاڑی کے وار کرکے اپنے55سالہ بیٹے کو قتل کر دیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دلشاد حسین ولد مختار احمد جانوروں کو چارہ ڈال رہا تھا کہ اسی دوران ان کے والد مختار احمد نے کلہاڑی سے حملہ کر دیا۔ مقتول کے بیٹے زوہیب دلشاد کے مطابق ان کے والد اور دادا کے درمیان کافی عرصہ سے گھریلو تنازع چل رہا تھا۔ حملے کے نتیجہ میں دلشاد حسین کے ماتھے، آنکھ اور گردن پر گہرے زخم آئے اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اور چٹیانہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے نعش کو آر ایچ سی ہسپتال 316گ ب منتقل کر دیا اور واقعہ کی تحقیقات شروع کر دیں۔




