لاہور (بیوروچیف)سبزیوں اور پھلوں کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد یقینی نہ بنایا جا سکا، جس کے باعث اشیائے خوردونوش مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ مہنگی فروخت ہو رہی ہیں اور شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ذرائع کے مطابق کے مطابق آلو کی سرکاری قیمت 20 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم یہ 40 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح پیاز 60 کے بجائے 70 روپے، جبکہ ٹماٹر 25 کے بجائے 40 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔دیگر سبزیوں میں بھی نمایاں فرق دیکھا گیا ہے۔ کریلے 60 کے بجائے 90 روپے، مٹر 130 کے بجائے 150 روپے، شملہ مرچ 60 کے بجائے 100 روپے اور سبز مرچ 90 کے بجائے 120 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔اسی طرح بند گوبھی 45 کے بجائے 80 روپے جبکہ پھول گوبھی 80 کے بجائے 100 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پھل بھی سرکاری نرخوں سے تقریبا 50 روپے زائد قیمت پر فروخت کیے جا رہے ہیں۔دوسری جانب سبزی فروشوں کا موقف ہے کہ منڈیوں میں انہیں سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق سبزیاں دستیاب ہی نہیں ہوتیں، جس کے باعث وہ بھی مجبورا مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں۔شہریوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔




