اسلام آباد (بیوروچیف) شوگر ملز مالکان نے ایک مرتبہ پھر چینی برآمد کرنے کی تیاری شروع کر دی،حکومت سے10لاکھ ٹن چینی برآمد کرنیکی اجازت مانگ لی۔ذرائع کیمطابق شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کو چینی کی پیداوار او ر دستیاب اسٹاک سے متعلق اعداد وشمار بھی فراہم کر دیے ہیں، شوگرملزایسوسی ایشن کاموقف ہے کہ اس وقت ملک میں چینی کی مجموعی پیداوار 78 لاکھ ٹن ہے جبکہ10لاکھ ٹن چینی اضافی موجود ہے،جسے برآمد کرنیکی اجازت دی جائے۔ حکومت نے شوگر ملز اورکین کمشنر کے اعداد و شمار کا جائزہ لینا شروع کر دیا، شوگر ملز کی جانب سے اسٹاک میں موجود3لاکھ ٹن درآمدی چینی بھی ظاہرکرنیکا شبہ ہے، اعداد و شمار کے جائزے کے بعد اسحاق ڈارکی سربراہی میں قائم کمیٹی فیصلہ کرے گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی شوگرملز نے چینی اضافی ظاہر کرکے برآمد کرنیکی اجازت لی تھی،جس کے نتیجے میں شوگرملز کی جانب سے برآمد کرنیکی وجہ سے مقامی مارکیٹ میں چینی کی قلت پیدا ہوئی تھی،مقامی مارکیٹ میں قلت پیدا ہونے سے ملک میں چینی کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا،بعد ازاں حکومت کوسرپلس اسٹاک پورا کرنے کے لیے چینی درآمد کرنا پڑی تھی۔حکومت شوگرسیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی پالیسی ارسال کرچکی،ڈی ریگولیشن کے بعد ملیں چینی برآمد کرنے کا فیصلہ لینے میں آزاد ہوں گی۔




