فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے زرعی سائنسدانوں اور اکیڈیمیا پر زور دیا ہے کہ وہ عملی تحقیقی امور اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے ذریعے زرعی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی تمام ممکنہ کاوشیں عمل میں لائیں ۔ انہوں نے اس امر کا اظہاربطور چانسلر نومینی سینیٹ کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں رجسٹرار ڈاکٹر آصف کامران نے ایجنڈا پیش کیا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ روایتی طریقوں کی جگہ جدید زرعی طریقوں کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدام عمل میں لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اکیڈیمیا و صنعت کے مابین روابط کو فروغ دینا ناگزیر ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی بروقت کسانوں کے کھیتوں تک منتقل ہو سکے۔ انہوں نے کسانوں کی تربیت، جدید تکنیک اور تحقیق تک رسائی کو منافع بخش زراعت کے لئے کلیدی قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سائنسی علم کو عملی حل میں بدلنا ہوگا، جبکہ موجودہ دور میں پریسیشن ایگریکلچر کا انتخاب محض ایک آپشن نہیں بلکہ ایک ضرورت بن چکا ہے تاکہ کم سے کم وسائل کے ساتھ زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔




