کمالیہ(نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ نے تحصیل کمالیہ کا جامع دورہ کیا، جہاں قائم مقام اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ صدف ارشاد نے انہیں مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے جناح پارک کی بحالی، ماڈل اقبال بازار کی بیوٹیفکیشن، کمالیہ یونیورسٹی میں انڈر گراونڈ واٹر سٹوریج ٹینک کی تعمیر، ذیشان کالونی کرکٹ ایرینا، پرانی مویشی منڈی میں شجرکاری مہم اور غلہ منڈی کے اطراف سڑکوں کی تعمیر سمیت متعدد اہم منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔جناح پارک میں جدید جوگنگ اور واکنگ ٹریکس، گراس پلانٹیشن، کشادہ گراونڈز، بینچز، ڈسٹ بنز اور گیزبو کی تنصیب پر کام تیزی سے جاری ہے ۔پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کمالیہ یونیورسٹی میں چار لاکھ گیلن گنجائش کا انڈر گراونڈ واٹر سٹوریج ٹینک تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ اسی طرح ذیشان کالونی میں جدید کرکٹ ایرینا بنایا جا رہا ہے جس میں پویلین، سیٹنگ ایریا اور دو علیحدہ پچز شامل ہوں گی۔پرانی مویشی منڈی میں نو ایکڑ رقبے پر شجرکاری مہم کی تیاریاں جاری ہیں جہاں جامن، سکھ چین، ارجن، آم اور دیگر مقامی پودے لگائے جائیں گے ۔ حکام کے مطابق فی ایکڑ 726پودے لگانیکا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔اس کے علاوہ غلہ منڈی کے اطراف نئی سڑکوں کی تعمیر بھی جلد شروع کی جائے گی۔




