اسلام آباد (بیوروچیف) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کے امور کے جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی سے متعلق برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان کے نوجوانوں میں آئی ٹی کے حوالے سے بے پناہ استعداد موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جانا چاہئے۔ وزیراعظم نے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے حوالے سے کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آسان خدمت کی سہولیات کو صوبوں میں بھی شروع کرنے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے ۔ آئی ٹی کے شعبے میں شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان فرق کو کم کرنے کے لئے صوبائی، ڈسٹرکٹ کی سطح پر حکومتوں کا تعاون حاصل کیا جائے۔ اجلاس کو ملک میں آئی ٹی کے فروغ کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ ملک بھر میں گھریلو انٹرنیٹ کنکشنز کی تعداد 2024 میں 1.9 ملین سے بڑھ کر 2026 میں 5.10 ملین ہوگئی ہے۔ رواں مالی سال پاکستان سے 4.5 سے 4.6 بلین امریکی ڈالرز کی آئی ٹی برآمدات متوقع ہیں۔




