اسلام آباد (بیوروچیف)سینیٹ میں کرپشن اور خورد برد سے متعلق اٹھائے گئے سوالات کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اپنی تمام فیلڈ فارمیشنز سے تفصیلی معلومات طلب کر لی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے اپنے تمام ملازمین کا گزشتہ 5سال کا مکمل ریکارڈ مانگ لیا ہے، جس میں یکم جنوری 2021سے اب تک کے تمام کرپشن کیسز کا ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق مختلف ونگز، ڈائریکٹوریٹس اور دفاتر میں سامنے آنے والے کرپشن کیسز کی مکمل تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں تمام چیف کمشنرز اور ڈائریکٹر جنرلز ان لینڈ ریونیو کو فوری معلومات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔رپورٹ میں گریڈ 1 سے 15 تک کے افسران و اہلکاروں کے کیسز شامل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ اے پی ایس گریڈ 16 کے کیسز بھی رپورٹ کا حصہ ہوں گے۔ایف بی آر نے بدعنوانی میں ملوث افسران و اہلکاروں کے نام، عہدے اور دیگر تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔




