فیصل آباد میں امن وامان کی ناگفتہ بہ صورتحال (اداریہ)

سابق صوبائی وزیر’ مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے کرنل (ر) سردار محمد ایوب گادھی کے ڈیرہ واقع چک نمبر 184 گ ب گادھیاں والا رجانہ میں مخالفین کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے، دیرینہ دشمنی پر مخالفین کا ان کے ڈیرے پر فائرنگ کرنا پولیس کی کمزور گرفت اور امن وامان کی ناقص صورتحال کو عیاں کرتا ہے، مخالفین کی فائرنگ سے چار افراد ضیغم عباس’ ندیم’ حق نواز اور خالق داد چل بسے، فائرنگ کے نتیجہ میں تین افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ ایم پی اے کرنل (ر) سردار محمد ایوب گادھی کو تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کر دیا گیا ہے’ پولیس افسران اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، موقع سے شواہد جمع کر لئے گئے، سابق صوبائی وزیر’ لیگی ایم پی اے سردار محمد ایوب گادھی کے ڈیرہ پر حملہ کر کے 4افراد کو قتل اور تین لوگوں کو شدید زخمی کرنیوالے ملزمان موقع سے فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، اس واقعہ کے دوران 4افراد کا مارے جانا اور 3لوگوں کو گولیاں لگنے کے باعث ان کا شدید زخمی ہونا لمحہ فکریہ ہے، اس واقعہ سے لوگوں میں پایا جانیوالا عدم تحفظ کا احساس مزید بڑھ گیا ہے، امن وامان کی ابتر صورتحال کا اندازہ اس بات سے بھی بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ جرائم پیشہ گروہ دندناتے پھر رہے ہیں، فیصل آباد ریجن میں آئے روز ڈکیتی’ چوری کی درجنوں وارداتوں میں شہریوں کا بھاری مال وزر سے محروم ہونا معمول بن چکا ہے، ڈاکوئوں اور چوروں کے گروہ دندناتے پھر رہے ہیں، شاہراہوں’ بازاروں’ مارکیٹوں میں لوگوں کو اسلحہ کے زور پر ہراساں کر کے لوٹا جا رہا ہے اور ستم بالائے ستم یہ کہ بعض مواقع پر ڈکیتی مزاحمت پر لوگوں کے جان سے جانے اور شدید زخمی ہونے کے واقعات بھی پولیس افسران کو خواب غفلت سے بیدار نہیں کر سکے۔ فیصل آباد ریجن میں قاتل’ عزتوں کے لٹیرے بھی دندناتے پھر رہے ہیں اور قتل وغارت گری کے واقعات پیش آنا لمحہ فکریہ ہے، فیصل آباد پولیس حکام کے تمام تر دعوئوں کے باوجود صورتحال اس کے برعکس ہے اور سابق صوبائی وزیر کرنل (ر) سردار محمد ایوب گادھی کے ڈیرہ پر پیش آنیوالا المناک واقعہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے، عورتوں کے اغواء اور ریپ کے واقعات میں ہونے والا اضافہ بھی صورتحال کی سنگینی کو عیاں کرتا ہے جبکہ جرائم پیشہ گروہوں کا بے لگام ہونا صورتحال بگڑنے کا باعث بن چکا ہے، گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران فیصل آباد ریجن میں امن وامان کی ناگفتہ بہ صورتحال پر پولیس افسران سے بازپرس کی تھی، اس موقع پر انہوں نے عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی بھرپور ہدایت کی مگر اسے کیا کہیے کہ ابھی زیادہ دن نہیں گزرے تھے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقہ چک نمبر 184 گ ب رجانہ میں حکومتی ایم پی اے’ سابق صوبائی وزیر سردار محمد ایوب گادھی کے ڈیرہ پر مخالفین کی فائرنگ سے 4افراد قتل جبکہ 3شدید زخمی ہو گئے، وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران فیصل آباد ریجن کے پولیس حکام کو جو ہدایات جاری کیں، ان پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکا، ضرورت اس امر کی ہے کہ امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عوام کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں