فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)8سالہ بچے کو اغواء کر کے زیادتی کے بعدقتل کرنے والے ملزم پکڑے نہ جا سکے۔ پولیس یونیفارم پہن کر شہریوں کو لوٹنے والے دو نو سرباز گرفتار، دم کرنے کے بہانے جعلی پیر کا خاتون سے نازیبا حرکات، قاتلانہ حملوں میں دو افراد لہولہان،جعلی دودھ اور ملاوٹی بیسن تیار کرنے والے دو افراد پکڑے گئے، چالاک ملزمان کا 8شہریوں کے ساتھ ڈیڑھ کروڑ کا فراڈ، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق تھانہ سمندری کے علاقہ 447گ ب کے محنت کش شاہد کے8سالہ بیٹے احمد علی کو گھر سے باہر کھیلتے ہوئے نامعلوم ملزمان نے اغوا کر لیا، لواحقین جگہ جگہ تلاش کرتے رہے، تاہم اگلے روز کھال سے بچے کی برہنہ نعش ملنے پر والدین غم سے نڈھال، اوباش ملزمان نے مبینہ طور پر بچے احمد علی کو بد فعلی کا نشانہ بنا کر گلا دبا کر مار ڈالا، نعش پھینک کر فرار ہو گئے، علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر مقدمہ درج کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ ٹھیکری والا کے علاقہ74ج ب میں پولیس کی یونیفارم پہن کر سادہ لوح شہریوں کو ڈرا دھمکا کر بھتہ لینے والا ملزم انعام پکڑا گیا ، اسی طرح کھرڑیانوالہ کے علاقہ 106ر۔ب میں بھی پولیس ملازم کا روپ دھار کر لوٹ مار کرنے والا پکڑا نہ جا سکا، ملت ٹائون کے علاقہ جوہر کالونی کے رہائشی آصف نے بتایا کہ وہ اپنی بیمار بیوی عقیلہ کو دم کروانے کیلئے جعلی پیر مدثر حبیب کے پاس گیا تو اس نے کمرہ میں بیٹھا کر دم کے بہانے خاتون سے نازیبا حرکات شروع کر دیں، منع کرنے پر مشتعل ہو گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم جعلی پیر کی تلاش شروع کر دی۔ ٹھیکری والا کے علاقہ275ج ب کے حیدر علی کا بیٹا عمران ملزمان ناصر کی دکان سے سودا سلف لینے گیا تو تلخ کلامی پر ملزمان ناصر وغیرہ نے فائرنگ کر کے عمران کو زخمی کر دیا،تھانہ ستیانہ کے علاقہ39گ ب میں توڑی رکھوانے کے جھگڑے پر مشتعل ملزمان نے فائرنگ کر کے مصطفی کو بری طرح زخمی کر دیا، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے تھانہ ائیرپورٹ کے علاقہ ساتواں میل کے قریب چھاپہ مار کر جعلی وملاوٹی بیسن’ دالیں وغیرہ فروخت کرنے والے دکاندار رحمت کو حراست میں لیکر پولیس کے حوالے کر دیا۔ گڑھ کے علاقہ شادی پیراں میں ملاوٹی وکیمیکل دودھ تیار کرنے والے ملزم عبدالصمد کو پکڑ لیا اور بھاری مقدار میں جعلی دودھ’ ملاوٹی بیسن وغیرہ قبضہ میں لیکر تلف کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں گلبرگ کے شعیب سے ملزم رضوان نے 20لاکھ’ افغان آباد کے عمران علی سے ملزمان سلیم وغیرہ نے 29لاکھ کی رقم ادھار لیکر ہڑپ کر لی’ پیپلزکالونی کے رہائشی انور سے ملزم کاشف شہزاد نے 20لاکھ’ مدینہ ٹائون کے مجاہد سے ملزم غلام مصطفی نے 10لاکھ’ گلستان کالونی کے حق نواز سے زاہد نے 15لاکھ’ سرگودھا روڈ کے علاقہ گلستان کالونی کے فیضان سے ملزم نے 22لاکھ’ منصورآباد کے شفیق سے 20لاکھ’ فیکٹری ایریا ٹاٹا بازار کے ندیم سے ملزم سلطان نے 20لاکھ کا کپڑا لیکر ہڑپ کر لیا’ رقوم کے بدلے میں چیک دیئے جو کہ جعلی نکلے۔




