فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس کے باوجود ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس ایم پی اے کرنل (ر) سردار ایوب خان گادھی کے ڈیرے پر مہلک ہتھیاروں سے حملہ کرنیوالے ملزمان کو گرفتار نہ کر سکی، تاہم قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی معاونت سے پولیس کی مختلف ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔ قاتلانہ حملے میں 4افراد جاں بحق’ ایم پی اے کرنل (ر) سردار ایوب خان گادھی سمیت 3افراد شدید زخمی ہوئے، ایم پی اے ایوب گادھی کا لاہور میں آپریشن کر کے ان کے جسم سے 5گولیاں نکال لی گئی ہیں، ان کا ایک ہاتھ فریکچر ہوا ہے’حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکے حکم پر صوبائی وزراء اورمشیروں نے ہسپتال میں سردار ایوب خان گادھی کی عیادت کی اور انہیں وزیراعلیٰ کا پیغام پہنچایا۔ دوسری جانب وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے ملزمان کی جلد ازجلد گرفتاری کے احکامات دیئے ہیں۔




