موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترامیم کے بعد جرمانوں میں ریکارڈ اضافہ

لاہور (بیوروچیف) موٹر وہیکل آرڈیننس میں حالیہ ترامیم کے بعد صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں اور کارروائیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ٹریفک پولیس نے مختلف خلاف ورزیوں پر 68لاکھ سے زائد چالان کیے۔اعداد و شمار کے مطابق صوبہ بھر میں ڈیجیٹل چالانز کی مد میں 11ارب 30کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ ای چالانز کی مجموعی مالیت 17ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں سے 11ارب 60کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے تاحال واجب الادا ہیں۔ سیف سٹیز کی جانب سے جاری کیے گئے ای چالانز کی وصولی سست روی کا شکار ہے، تاہم حکام کے مطابق ای چالانز کی ادائیگی ون ایپ کے ذریعے بھی کی جا رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 11 لاکھ 19 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بند کیا گیا، جبکہ 35 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے۔ اسی دوران ساڑھے 34 ہزار سے زائد گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں۔اعداد و شمار کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر تین ہزار سے زائد پولیس اور دیگر سرکاری گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں، جسے قانون کے یکساں نفاذ کی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں