چنیوٹ(نامہ نگار)معرکہ حق میں تاریخی فتح کے ایک سال مکمل ہونے کی خوشی میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ہاکی سٹیڈیم چنیوٹ میں شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے وطن عزیز اور افواجِ پاکستان سے اپنی محبت کا بھرپور اظہار کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان، ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف، پارلیمنٹیرنز سید ذوالفقار علی شاہ، مہر تیمور امجد لالی، نمائندہ محمد الیاس چنیوٹی، ٹکٹ ہولڈر سید ظفر بخاری، سماجی شخصیات چوہدری مسعود اقبال اور غلام شبیر نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی واثق عباس ہرل، اسسٹنٹ کمشنر شائستہ جبین، سی او میونسپل کمیٹی، سی او ضلع کونسل، مختلف محکموں کے افسران، طلبا و طالبات، سول سوسائٹی کے مرد و خواتین اور شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعت رسولِ مقبول ۖ سے کیا گیا جبکہ قومی ترانہ پیش کیے جانے پر تمام شرکا احتراما کھڑے ہو گئے۔ طلبا و طالبات نے ملی نغمے، قومی ترانے اور ٹیبلو پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ تقریب میں خصوصی طور پر گھوڑا ڈانس اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا ۔




