فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چینی قونصل جنرل مسٹر سن یان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے میں زرعی تعاون کو اولین ترجیح حاصل ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہو ں گے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورے کے موقع پر انہوں نے عوامی روابط، ثقافتی تبادلوں اور دوستی کے فروغ میں یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے دو نئے ذیلی مراکز قائم کرنے کی دستخطی تقریب بھی منعقد ہوئی۔مسٹر سن یان نے کہا کہ 75 سالہ سفارتی تاریخ میں چین اور پاکستان بہترین پڑوسی اور بھائی ثابت ہوئے ہیں۔ 2025 میں شروع ہونیوالے سی پیک کے دو سر ے مرحلے کا محور معاشی ترقی، عوامی خوشحالی، جدت اور ماحول دوست ترقی ہے، جس میں زراعت، صنعت، آئی ٹی اور مائننگ کلیدی شعبے ہیں۔ انہوں نے پاک چین زرعی تعاون کے متاثر کن نتائج بشمول ہائبرڈ چاول اور ریپ سیڈ (سرسوں) کی کاشت اور پیداوار میں اضافے کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چین کو گوشت کی برآمد کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ لائیو سٹاک ٹیکنالوجی کا ایک نیا معاہدہ بھی طے پا چکا ہے۔




