ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)پنجاب حکومت کے جاری کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق پراسیکیوشن پرفارمنس ریویو کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں قانونی نظام کو مزید موثر اور فعال بنانے، زیرِ سماعت مقدمات کی پیشرفت اور مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام کیسز کی بروقت پیروی کو یقینی بنایا جائے اور عدالتوں میں زیرِ التوا مقدمات کی رفتار کو تیز کیا جائے۔اجلاس کے دوران مختلف ایف آئی آرز اور ان پر ہونے والی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ مقدمات میں تاخیر کے اسباب اور رکاوٹوں کی نشاندہی کر کے ان کے حل کیلئے تجاویز پر غور کیا گیا۔ متعلقہ افسران نے مختلف کیسز کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے کہا کہ عوام کو فوری اور موثر انصاف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے پراسیکیوشن کے نظام میں بہتری اور مانیٹرنگ کے عمل کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ادارہ جاتی رابطہ کاری کو بہتر بنا کر انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید موثر اور تیز تر بنایا جائے گا۔




