پشاور (بیور وچیف) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا کہ گندم کا سیزن ہونے کے باوجود صوبے میں آٹے اور گندم کا بحران انتہائی تشویشناک ہے۔ پنجاب سے خیبر پختونخوا کو گندم کی ترسیل پر پابندی غیر آئینی، غیر منصفانہ اور ناقابل قبول اقدام ہے۔ خیبر پختونخوا میں آٹے اور گندم کے سنگین بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب سے گندم کی ترسیل پر پابندی کے باعث خیبر پختونخوا کی آٹا ملز کو گندم کی فراہمی عملاً معطل ہوچکی ہے، جس کے نتیجے میں آٹے کا تھیلا 2800 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ بدامنی، مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان عوام کیلئے یہ بحران مزید عذاب بن چکا ہے، مگر افسوس کہ صوبائی حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور اس سنگین مسئلے کے حل کیلئے کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا جارہا۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ پنجاب سے پختونخوا میں داخل ہونے والی گندم بردار گاڑیوں سے لاکھوں روپے رشوت طلب کرنے اور رشوت نہ دینے کی صورت میں مقدمات درج کرکے گندم اتار لینے کی اطلاعات انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔




