لاہور (بیورو چیف) میڈیا ورکرز آرگنائزیشن پنجاب کے زیر اہتمام میڈیا ورکرز کے حقوق کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت صدر میڈیا ورکرز آرگنائزیشن پنجاب نصیب علی تبسم نے کی۔ احتجاجی مظاہرے میں اخبارات اور ٹی وی چینلز سے وابستہ کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر ایم ڈبلیو او پنجاب نصیب علی تبسم نے کہا کہ میڈیا ورکرز بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ، یہ ورکرز پس پردہ رہ کر میڈیا اداروں کو چلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میڈیا ورکرز کو بھی صحافیوں کی طرح پلاٹس، سفری سہولیات اور انڈوومنٹ فنڈ جیسی مراعات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی بیشتر سہولیات صرف صحافیوں تک محدود ہیں جبکہ میڈیا ورکرز کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔




