فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) عوام الناس عشرئہ ذی الحج اور عید الا ضحی کے موقع پر اتحاد و اتفاق اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔ چیئر مین مرکزی علماء کونسل پاکستا ن صاحبزاد ہ مولانازاہد محمود قاسمی نے عیدالاضحی اور عشرئہ ذی الحج کی آمد کے موقع پر کہا ہے کہ امت مسلمہ اتحاد امت کا عملی نمونہ بن کر اقوام عالم کو اسلا م کا اعتدال پسند پیغام پہنچا ئے۔ ذی الحج کا پہلا عشرہ اللہ تعالیٰ کی واحدا نیت کو اجاگر کرنے اور رب العزت کی رحمت اور برکتوں کو سمیٹنے کا عشرہ ہے۔ اس عشرہ میں توبہ و استغفار ،رجوع الی اللہ اور قربانی کا جذبہ بارگاہ الٰہی میں انتہائی مقبول ہے۔ عیدالاضحی ہمیں ایثار ، قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔ عیدالا ضحی کے بابرکت موقع پر ملک بھر میں اتحاد ، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ تمام مکاتب فکر کے علماء اور عوام یکجہتی کا مظاہرہ کریں تاکہ کوئی بھی ملک دشمن یا شر پسند عناصر ہماری وحدت کو نقصان نہ پہنچا سکیں۔ عید کے پرمسرت ایام کو امن ، محبت اور رواداری کے ساتھ منایا جائے۔




