سرگودھا (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی، صاف ستھرا ماحول اور جدید شہری انفراسٹرکچر کی تکمیل کیلئے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری مسلسل متحرک ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں جا کر مختلف ترقیاتی اور عوامی سہولیات کے منصوبوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے رات گئے خوشاب روڈ، نہر کنارے قائم عارضی مویشی سیل پوائنٹ اور قطبہ ٹاؤن کے قریب قائم سیل پوائنٹس کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے شہریوں کیلئے فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی، پینے کے صاف پانی، روشنی، سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ”ستھرا پنجاب ”ٹیمیں ہر وقت متحرک نظر آنی چاہئیں جبکہ پانی کے ٹینکرز مستقل اسٹینڈ بائی رکھے جائیں۔ انہوں نے سکیورٹی مزید مؤثر بنانے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور ویٹرنری ڈاکٹرز کی ہر وقت موجودگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی تاکہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے آنیوا لے شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔




